Best Wall Stickers

انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے

انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے


    حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ '' اگر دو شخص اللہ عزوجل کی راہ میں محبت کریں ان میں سے ایک مشرق میں اور دوسرا مغرب میں ہو تو اللہ تعالیٰ انہیں قیامت کے دن جمع فرمائے گا۔ (شعب الایمان،باب فی مقاربۃ...الخ،فصل فی المصافحۃ...الخ،الحدیث۹۰۲۲،ج۶،ص۴۹۲)
    ایک صوفی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا قول ہے کہ اس نے رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو خواب میں دیکھا کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے گردفقراء کی ایک جماعت ہے، وہ اسی حال میں تھے کہ دو فرشتے آسمان سے اترے ایک کے ہاتھ میں طشت تھا اور دوسرے کے ہاتھ میں لوٹا۔طشت والے فرشتے نے طشت رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے سامنے رکھ دیا۔ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے ہاتھ دھوئے پھر آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے حکم پرفقراء نے بھی ہاتھ دھوئے اس کے بعد طشت میرے( یعنی خواب دیکھنے والے صوفی کے) سامنے رکھا گیاتو ایک فرشتے نے دوسرے فرشتے سے کہا کہ اس کے ہاتھ پر پانی نہ ڈالو کیونکہ یہ ان حضرات میں سے نہیں ہے تو میں نے عرض کی یارسول اللہ! صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کیا آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے یہ مروی نہیں ہے کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا: اَلْمَرْءُ مَعَ مَنْ اَحَبَّ.

 (صحیح مسلم، کتاب البر...الخ، باب المرء مع من احب، الحدیث:۲۶۴۰، ص۱۴۲۰)

ترجمہ :انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے۔
    آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا: کیوں نہیں! میں نے عرض کی کہ میں بھی آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے اور ان فقراء سے محبت رکھتا ہوں اس پر آپ صلی اللہ تعالیٰ
علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا کہ اس کے ہاتھ پر بھی پانی ڈالوکیونکہ یہ ان ہی میں سے ہے۔

 (الرسالۃ القشیریۃ، رؤیا القوم، ص۴۲۱)

    پیارے اسلامی بھائیو! ایسا ماحول بنانا چاہیے جس میں تمامی شرکاء کا اٹھنا بیٹھنا آپس میں ملاقات کرنا اور ایک دوسرے سے محبت رکھنا فقط اللہ عزوجل کی رضا و خوشنودی کے لئے ہو اور جس میں افضلیت و برتری کی بنیاد کسی کے حسن و جمال ، کسی کی دولت و ثروت اور کسی کے حسب نسب پر نہ ہو بلکہ زہد و تقویٰ پر قائم ہو۔
ارشاد خداوندی ہوتا ہے۔

وَلَا تَطْرُدِ الَّذِیۡنَ یَدْعُوۡنَ رَبَّہُمۡ بِالْغَدٰوۃِ وَ الْعَشِیِّ یُرِیۡدُوۡنَ وَجْہَہٗ ؕ

ترجمہ کنزالایمان : اور دور نہ کرو انہیں جو اپنے رب کوپکارتے ہیں صبح اور شام اسکی رضاچاہتے ۔(پ 7،الانعام:52)
    درس : کفار کی ایک جماعت سید عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی خدمت میں آئی تو انہوں نے دیکھا کہ آپ کے گرد غریب صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی ایک جماعت حاضر ہے جو ادنیٰ درجہ کا لباس پہنے ہوئے ہے یہ دیکھ کر وہ کہنے لگے کہ ہمیں ان کے پاس بیٹھنے سے شرم آتی ہے اگر آپ انہیں اپنی مجلس سے نکال دیں تو ہم آپ پر ایمان لے آئیں گے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے منظور نہ فرمایا اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ (تفسیرخزائن العرفان، ص۲۴۰)
    معلوم ہوا کہ اچھا ماحول محبین و مخلصین سے بنتا ہے نہ کہ مغرورین و متکبرین سے لہذا اچھے ماحول کی بقاء کے لئے ایسے افراد کو جو ظاہری شان و شوکت تو رکھتے ہوں مگر ان کا باطن غلاظت سے لبریز ہو توان کے گھناؤنے وجود سے ماحول کو پاک و
صاف رکھنا ضروری ہے کیونکہ ان کی مثال ایک ایسے بیت الخلاء کی مانند ہے جس کی دیواریں تو نہایت ہی صاف و شفاف ہوں مگر اندر غلاظت کا ڈھیر ہو، ظاہر ہے ایسی جگہ سے صاف و شفاف ہونے کے باوجود گندگی اور بدبو ہی پھیلے گی اور ان کے مقابلہ میں وہ لوگ جو ظاہری شان و شوکت تو نہیں رکھتے مگر ان کے قلوب جذبہ اخلاص و ایثار سے مزین ہوتے ہیں ان کو ماحول میں داخل کرنا بہت مفید اور ان کو نظر انداز کردینا نہایت ہی مضراور نقصان دہ ہے۔

انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے انسان اس کے ساتھ ہوگا جس سے وہ محبت کرے Reviewed by WafaSoft on March 27, 2020 Rating: 5

No comments:

Thanks

Comments

Powered by Blogger.